پی ایف ایف کے 4 عہدیدار ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں شامل

ڈاکٹر محمد علی ممبر میڈیا کمیٹی، حافظ ذکاء اللّٰہ فٹسال ، اعظم خان مارکیٹنگ کمیٹی ‘ نرمین ملک اے ایف سی ویمنز فٹبال کمیٹی میںنامزد

اتوار 14 ستمبر 2025 11:20

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے 4 عہدیداروں کو ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی مختلف اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں شامل کر لیا گیا۔پی ایف ایف کے ذرائع کے مطابق ملائیشیا میں ہونے والے گزشتہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سربراہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن محسن گیلانی نے کی۔

(جاری ہے)

اے ایف سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پی ایف ایف کے جن عہدیداروں کو تقرریاں دینے اعلان کیا گیا ہے، ان میں ڈاکٹر محمد علی کو ممبر اے ایف سی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کمیٹی، حافظ ذکاء اللّٰہ کو اے ایف سی فٹسال اینڈ بیچ سوکر کمیٹی، محمد اعظم خان کو اے ایف سی مارکیٹنگ کمیٹی جبکہ نرمین ملک کو اے ایف سی ویمنز فٹبال کمیٹی میں 2023ء سے 2027ء تک کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

پی ایف ایف کے نائب صدر ذکاء اللّٰہ نے میڈیا کو بتایا کہ پی ایف ایف کے سربراہ محسن گیلانی کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان فٹ بال کے لیے اے ایف سی اور فیفا میں تجربہ حاصل کرنے کے لیے مزید نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیوں میں پاکستانی عہدیداران کی شمولیت سے ملک میں فٹبال کی ترقی کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے، ہم اے ایف سی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پی ایف ایف کے ممبران کو اپنی کمیٹیوں کا حصہ بنایا۔