Live Updates

سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والی حب کینال کا مرمتی کام مکمل ،پانی چھوڑ دیا گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والی حب کینال کا مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اس میں پانی چھوڑ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب نے بتایا ہے کہ شہریوں کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی اتوارکی صبح 7 بجے سے شروع کر دی گئی ہے، کینال میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔حب کینال بدھ کو ہونے والی بارش اور برساتی ریلے سے متاثر ہو گئی تھی، حب کینال کے اطراف کی مٹی پانی میں بہنے کے باعث کینال ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی، جس کے بعد کینال میں پانی روک دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جمعرات کو محکمہ ایری گیشن نے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم بھر گیا ہے، محکمہ ایری گیشن نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 338 فٹ تک پہنچ گئی ہے، اور پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش صرف ایک فٹ رہ گئی ہے۔دوسری طرف منگھوپیر پولیس اور واٹر بورڈ کی مبینہ سرپرستی میں حب ڈیم سے ٹینکر مافیا پانی چوری کر رہا ہے، جو شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ٹینکر مافیا حب ڈیم سے روزانہ سیکڑوں ٹینکر پانی چوری کرنے میں مصروف ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات