Live Updates

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ’’ٹیلی تھون ‘‘،عمران خان کو ذمہ داری سونپی جائے ‘ مسرت جمشید چیمہ

متاثرین کی بحالی کیلئے جس عزم کی ضرورت ہے حکومت اس سے عار ی نظر آتی ہے‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

اتوار 14 ستمبر 2025 17:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں خاندانوں کی بحالی صرف ویڈیوز اور تصویری سیشنز سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے غیر معمولی عزم اور ولوے کی ضرورت ہے جس سے موجودہ حکومت عاری نظر آتی ہے ،سوشل میڈیا پر سیلاب متاثرین کی سینکڑوں ویڈیوز سامنے آرہی ہیں جس میں وہ کسی طرح کی حکومتی امدادنہ پہنچنے کے شکوے شکایات کر رہے ہیں لیکن حکومت اور اس کی مشینر ی سب اچھا ہے کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیلاب سے جس بڑ ے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے حکومت کو اس کا ادراک نہیں ہے ، اس خطرناک صورتحال کے نتائج آنے والے مہینوں اور سالوں میں سامنے آئیں گے جس کا سارا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

حکومت کی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب کی آڑ میں اشیائے خوردونوش کے ذخیرہ اندوز اندوز اور منافع خور متحرک ہو چکے ہیں ، حکومت کی کمزوری کی وجہ سے مافیا اتنا منہ زور ہو چکا ہے کہ عوام آج سبزی نہیں خرید سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر ’’ٹیلی تھون ‘‘کی ضرورت ہے اور اس کیلئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذمہ داری سونپی جائے جس سے پاکستان میں بسنے والے، اوورسیز پاکستانیز اور دوست ممالک دل کھول کر امداد کریں گے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات