Live Updates

ڈپٹی کمشنر سرگودھا کاطالب والامیں سی ایم ایچ کے تعاون سے لگائے گئے آرمی فری میڈیکل کیمپ کا دورہ

اتوار 14 ستمبر 2025 17:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم نے گزشتہ روز تحصیل کوٹمومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس اور صحت کی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نےطالب والامیں سی ایم ایچ سرگودھا کے تعاون سے لگائے گئے آرمی فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، جہاں 18 رکنی میڈیکل ٹیم عوام کو طبی سہولتیں فراہم کیں۔

کیمپ میں او پی ڈی کنسلٹیشن، ای سی جی، نیبولائزیشن ، ڈریسنگ، انجیکشن اور مفت ادویات مہیا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کیمپ میں اب تک 288 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جن میں 113 خواتین، 89 بچے اور 86 مرد شامل ہیں۔ علاج کے ساتھ ساتھ عوام کو سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی عام بیماریوں سے بچاو کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مڈھ رانجھا میں مریم نواز ہیلتھ کلینک، آر ایچ سی اور فیلڈ ہسپتال رام دیانہ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں جاری ریلیف سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم نےکہاکہ سیلاب متاثرین کو بروقت علاج اور سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہی نہیں بلکہ فرض ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور محکمہ صحت ایک ٹیم بن کر دن رات ریلیف فراہم کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی متاثرہ شخص علاج سے محروم نہ رہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات