Live Updates

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کا موٹروے انٹرچینج کا دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا

اتوار 14 ستمبر 2025 18:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) کمشنرملتان عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اتوار کو موٹروے انٹرچینج کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں موجود سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انتظامیہ کے مطابق بستی عنایت پور اور گیانی روڈ کے شگاف سے نکلنے والے سیلابی پانی کا دباؤ اب موٹروے تک پہنچ چکا ہے۔اس سلسلے میں دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے موٹروے حکام اور ضلعی افسران سے بریفنگ لی جس میں سیلاب کی شدت، حفاظتی اقدامات اور ممکنہ خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید دو فٹ کمی کی توقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کے مطابق چناب میں کمی کے باعث دریائے ستلج کے ریلے کا اخراج تیز ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے دونوں دریاؤں کے پانی کا ملاپ جلال پور پیر والہ کی متعدد آبادیوں کو متاثر کر رہا ہے۔

ریلیف آپریشن کے تحت فلڈ ریلیف کیمپس کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور متاثرین کو تمام بنیادی سہولیات، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور رہائش شامل ہیں، فراہم کی جا رہی ہیں۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی ریلیف سینٹرز یا انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :