راولپنڈی،کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم، میاں بیوی سمیت خاندان کے 3افراد جاں بحق، تین زخمی

اتوار 14 ستمبر 2025 19:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)جی ٹی روڈ گوجرخان پر سرور شہید کالج کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق عمران رضا نامی شخص اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی عزیزہ کی تیمارداری کرنے کے بعد رامہ گاؤں چکوال روڈ جا رہے تھے کہ جی ٹی روڈ پر سرور شہید کالج گوجرخان کے قریب انکی گاڑی ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

حادثے کے باعث وین میں سوار 6افراد جن میں پانچ شدید زخمی اور ایک معمولی زخمی ہوا۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر پانچوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا جبکہ ایک معمولی زخمی کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے فارغ کر دیا گیا۔ہسپتال پہنچنے کے بعد پانچ زخمیوں میں سے کنبے کا سربراہ 38 سالہ عمران رضا، اسکی 38 سالہ مسماتہ فوزیہ بہرام اور 14 سالہ بیٹا محسن رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ 9 سالہ بیٹی تحسین فاطمہ، 12 سالہ بیٹا علی رضا اور 15 سالہ بیٹی سدرہ عمران زخمی ہوئے ۔