ایڈنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز نے خلیجی خطے میں پہلی بار مصنوعی ذہانت سے چلنے والا اسمارٹ پورٹ سلوشن متعارف کرا دیا

پیر 15 ستمبر 2025 12:00

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ایڈنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے خلیجی خطے میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والا اسمارٹ پورٹ سلوشن متعارف کرا دیا ہے تاکہ متحدہ عرب امارات کے پٹرولیم پورٹس کے آپریشنز کو بہتر بنایا جا سکے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ سلوشن ریسورس الاٹمنٹ کو منظم کرتا ہے اور میرین سرگرمیوں کی ریئل ٹائم ٹریکنگ ممکن بناتا ہے جس سے آپریشنل استعداد میں اضافہ، لاگت میں کمی اور پائیداری کو فروغ ملتا ہے۔

انوویز ون (Innovez One) کے تعاون سے تیار کردہ یہ نظام ویسل ٹرن اراؤنڈ ٹائم کو 90 فیصد تک کم کرتا ہے اور سروس سورسنگ کا وقت تین گھنٹے سے کم کر کے صرف 45 سیکنڈ کر دیتا ہے، اس کے نتیجے میں سالانہ 3,000 گھنٹے کی بچت ہوگی اور 2028 تک 9.5 لاکھ ڈالر (3.5 ملین درہم) کے آپریشنل اخراجات کم ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، جیٹی کے استعمال میں 20 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ جہازوں کے انتظام میں 10 فیصد بہتری متوقع ہے۔

ایڈنوک ایل اینڈ ایس کے سی ای او کیپٹن عبدالکریم المسابی نے کہا کہ یو اے ای کی پٹرولیم پورٹس میں اسمارٹ پورٹ سلوشن کا نفاذ ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم اے آئی کے استعمال سے اپنے آپریشنز کو بہتر بنائیں اور اپنے بزنس اور صارفین کے لیے مزید قدر پیدا کریں۔یہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی اب داس، زرکو، مبارز، روئیس اور جبل دھنہ سمیت اہم پٹرولیم پورٹس پر نافذ کر دی گئی ہے جو ایڈنوک ایل اینڈ ایس کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

انوویز ون کے سی ای او ڈیوڈ یو نے کہا کہ ایڈنوک ایل اینڈ ایس کے ساتھ ہمارا تعاون عالمی انرجی لاجسٹکس میں مصنوعی ذہانت کی طاقت کا ثبوت ہے۔ اسمارٹ آپریشنز کے ذریعے ہم نہ صرف استعداد کار میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ پائیداری کے اہداف کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں جس سے یو اے ای کی پٹرولیم پورٹس دنیا بھر کے لیے ایک بینچ مارک بن رہی ہیں۔