چین کی ویزہ فری پالیسی کے تحت روسی شہری 15 ستمبر سے بغیر ویزہ چین کا دورہ کر سکتے ہیں

پیر 15 ستمبر 2025 13:16

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) چین کی ویزہ فری پالیسی کے تحت ریگولر فارن پاسپورٹ کے حامل روسی شہری 15 ستمبر سے بغیر ویزہ چین کا دورہ کر سکتے ہیں اور 30 دن تک وہاں قیام کر سکتے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق چین کی ویزا فری پالیسی ایک دو سالہ آزمائشی پروگرام کا حصہ ہے، جو 14 ستمبر 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔

(جاری ہے)

چینی قونصلیٹ کے مطابق یہ سہولت سیاحت، کاروبار، خاندانی ملاقاتوں اور ٹرانزٹ سفر کے لئے دستیاب ہے تاہم، کام، تعلیم کے حصول ، صحافت یا ٹرانسپورٹ سے متعلق ملازمتوں کے لئے اب بھی ویزہ درکار ہوگا۔چین میں روسی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ روسی شہریوں پر سالانہ آمد و رفت کی کوئی حد مقرر نہیں بشرطیکہ ہر دورہ 30 دن سے زیادہ نہ ہو۔ سفر کرنے والے افراد کے پاس6 ماہ کے لئے کارآمد پاسپورٹ ہونا چاہیے، جو چین سے متوقع روانگی کی تاریخ کے بعد بھی مؤثر ہو۔

ہنگامی انسانی معاملات میں کم مدت والے پاسپورٹس بھی قبول کیے جا سکتے ہیں۔یہ نئے قواعد تمام اوپن بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر لاگو ہوں گے اور روسی شہری چین کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو سکیں گے تاہم، تبت جیسے مخصوص ممنوعہ علاقوں میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔

متعلقہ عنوان :