ایف ڈی اے کا دائرہ اختیار 1326 مربع کلو میٹر پر محیط،17رہائشی کالونیز اور18کمرشل مارکیٹس زیر کنٹرول ہیں، ڈائریکٹر جنرل آصف چوہدری

پیر 15 ستمبر 2025 13:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے بتایا کہ ایف ڈی اے کا دائرہ اختیار شہر کے 1326 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جبکہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول 17 رہائشی کالونیز اور18کمرشل مارکیٹس ہیں جن میں پراپرٹیز کی ٹرانسفر، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

مزید برآں ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں مرحلہ وار بجلی کی فراہمی، چاردیواری کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کرائے جارہے ہیں جبکہ شہریوں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ایف ڈی اے سے متعلقہ سروسز تیز رفتاری سے فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہریوں کوایف ڈی اے کی سروسز کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن پر قابو پانے، قانون و انصاف اور میرٹ کی بالادستی کے مشن پر گامزن ہے لہٰذا اس سلسلہ میں ادارہ جاتی اصلاح اور عوامی ریلیف کی فراہمی بھی ہمارا اجتماعی مقصد ہے اسلئے سائلان کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے اور ان سے خندہ پیشانی سے پیش آنے سے ادارہ کی نیک نامی میں اضافہ اور عوامی اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے تمام امور کی شفافیت اولین ترجیح ہے جبکہ ایف ڈی اے اور واسا میں باہمی رابطہ کو بھی مزید مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ تمام تر سروسز کو ماڈل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ منظم شہری ترقی، ماحولیاتی تحفظ، صنعتی و سماجی ترقی اور ٹریفک مینجمنٹ کو جدید خطور پر استوار کرنے کے علاوہ دیگر شہری مسائل کے حل کیلئے ادارہ جاتی کوششوں میں بھر پورتعاون یقینی بنایاجارہا ہے۔