جنوبی کوریائی فوڈ کمپنی جیل ٹیک ورلڈ فوڈ پروگرام کی آفیشل سپلائر منتخب

پیر 15 ستمبر 2025 15:47

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) جنوبی کوریا کی فوڈ کمپنی جیل ٹیک کو ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کا آفیشل سپلائر منتخب کر لیا گیا ہے، کمپنی کو یہ اعزاز فورٹیفائیڈ رائس کرنلز (ایف آر کے) کی سپلائی کے لیے ملا ہے۔ یونہاپ کے مطابق پبلک پروکیورمنٹ سروس (پی پی ایس) نے پیر کو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کوریائی زرعی و غذائی کمپنی نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کی فوڈ پروکیورمنٹ مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آر کے(فورٹیفائیڈ رائس کرنلز) چاول کے آٹے میں وٹامنز اور منرلز ملا کر تیار کیے گئے دانے ہیں جنہیں مخصوص شکل دے کر عام چاول جیسا بنایا جاتا ہے۔پی پی ایس کے مطابق جیل ٹیک 201 ٹن ایف آر کے فراہم کرے گی جو 20064 ٹن چاول کے ساتھ ملا کر آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں میں تقسیم کیا جائے گا۔پی پی ایس کے عہدیدار لی ہنگ سِک نے کہاکہ یہ صرف فوڈ ایڈ کا عمل نہیں بلکہ پہلا موقع ہے کہ کسی جنوبی کوریائی ایگرو فوڈ کمپنی نے کسی بین الاقوامی ادارے کی پروکیورمنٹ مارکیٹ میں باضابطہ شمولیت اختیار کی ہے۔