سمبڑیال،کاشتکاروں کو آلو کی کاشت20 اکتوبر تک کرنے کی ہدایت

پیر 15 ستمبر 2025 15:42

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کاشتکاروں کو آلو کی کاشت20 اکتوبر تک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پیر کو کسانوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں موسم خزاں اور بہار میں آلو کی 2فصلیں کاشت کی جاتی ہیں، آلو کی بہتر کاشت اور فصل کے لئے 28 سے32 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت انتہائی موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موسم خزاں میں کاشتہ فصل کی برداشت جنوری میں کی جاتی ہے اور بیج والی فصل کو 10 اکتوبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آلو کی کاشت کے لئے 1200 سے 1500کلو گرام فی ایکڑ تصدیق شدہ بیج استعمال کرنا چاہیے اور بیج کو کاشت سے کم از کم 10 دن پہلے نکال کر خشک جگہ پر پھیلا دیناچاہیے تاکہ خوابیدگی کی حالت میں موجود بیج اپنے آ پ کو موسمی حالات اور درجہ حرات کے مطابق ڈھال لے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد سفید، فیصل آباد سرخ، ڈیزائری، کارڈینل، ڈایامینٹ، ایس ایچ 5 نامی اقسام شاندار پیداوار کی حامل ہیں،کاشتکار ماہرین زراعت کی مشاورت سے زمین کی تیاری، بیج کی مقررہ مقدار اور کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے۔