راولپنڈی، 50 سالہ خاتون کو دیور نے مبینہ طور پر مٹی کا تیل چھڑک کر زندہ جلا دیا

پیر 15 ستمبر 2025 22:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر ان کے دیور نے مٹی کا تیل چھڑک کر زندہ جلا دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، ابتدائی طور پر ملزم نے دعویٰ کیا کہ واقعہ کمپریسر پھٹنے سے پیش آیا، تاہم پولیس کی تحقیقات کے بعد انکشاف ہوا کہ 2 روز قبل دھمیال میں خاتون کو آگ لگا کر جلایا گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس افسر (سی پی او) سید خالد حمدانی نے نوٹس لیا اور فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، مقتولہ کے دیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہونے پر رپورٹ میں قتل کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قائداعظم کالونی دھمیال کے رہائشی 23 سالہ محمد شہزاد احمد بھٹی نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرائی، انہوں نے بیان دیا کہ وہ کام پر تھے جب انہیں اپنے چچا کی کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ان کی والدہ کمپریسر پھٹنے کے باعث جل گئی ہیں۔

چچا نے انہیں فوری گھر پہنچنے کو کہا، کیونکہ ان کی والدہ کو سی ایم ایچ لے جایا گیا تھا، شہزاد نے بتایا کہ جب وہ ہسپتال پہنچے تو انہوں نے اپنی والدہ کو ایمرجنسی وارڈ میں بری طرح جھلسی ہوئی اور بے ہوش حالت میں پایا۔ ایف آئی آر میں شہزاد نے مزید بتایا کہ ان کی بہن نے انہیں بتایا کہ چچی حاجرہ عدیل کا ان کی والدہ اور بہن کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، حاجرہ نے مبینہ طور پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، پھر ان کی بہن کو گھر سے نکال کر دروازہ بند کر دیا تھا۔

شہزاد نے کہا کہ ان کی بہن کی چیخ و پکار پر اہلِ محلہ مدد کو پہنچے اور دروازہ کھول دیا، جب وہ اندر داخل ہوئے تو انہوں نے ان کی والدہ کو آگ میں جھلستا پایا جب کہ حاجرہ عدیل کپڑے بدل رہی تھی۔ شہزاد نے مزید کہا کہ جب ان کی بہن نے چچی سے پوچھا کہ والدہ کو آگ کیسے لگی تو اس نے دعویٰ کیا کہ یہ کمپریسر پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ شہزاد نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی چچی حاجرہ عدیل نے جان بوجھ کر ان کی والدہ کو آگ لگا کر قتل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی وجہ گھریلو ناچاقی تھی، کیونکہ ان کے والد گھر کے روزمرہ اخراجات کا بندوبست کرتے تھے، جس پر اکثر والدین اور چچی کے درمیان مالی معاملات پر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سی پی او سید خالد حمدانی نے اس جرم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :