Live Updates

حکومت نے غریبوں سے ناجائز ٹیکس لگا کر جو پیسے اکٹھے کیے تھے، وہی پیسے سیلاب متاثرین میں بانٹ رہے ہیں، چودھری پرویزالٰہی

پیر 15 ستمبر 2025 21:54

حکومت نے غریبوں سے ناجائز ٹیکس لگا کر جو پیسے اکٹھے کیے تھے، وہی پیسے ..
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت نے غریبوں سے ناجائز ٹیکس لگا کر جو پیسے اکٹھے کیے تھے، وہی پیسے سیلاب متاثرین میں بانٹ رہے ہیں۔ ن لیگ کے وزیروں کو شرم آنی چاہیے۔ چودھری پرویز الٰہی نے راسخ الٰہی کے ہمراہ یونین کونسل مدینہ اور یونین کونسل سوک کلاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں راشن فراہم کیا۔

چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ جب یہاں سیلاب آیا تو سب سے پہلے ہماری طرف سے امداد کا سلسلہ شروع ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب مخالفین نے دکھاوے کے لیے آنا شروع کر دیا ہے اور ان کا مقصد صرف شعبدہ بازی کرنا ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے ن لیگ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے غریبوں سے ناجائز ٹیکس لگا کر جو پیسے اکٹھے کیے تھے، وہی پیسے سیلاب متاثرین میں بانٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے وزیروں کو شرم آنی چاہیے کہ انہوں نے اپنی جیب سے ایک دھیلہ بھی نہیں دیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں گجرات میں نمایاں ترقی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں موضع سوک کلاں کے لیے 14 کروڑ روپے کے فنڈز سے ترقیاتی کام کرائے گئے تھے، جو ن لیگ کی حکومت نے برباد کر دیے۔

انہوں نے گجرات کے عوام سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران خان اور انہیں دوبارہ اقتدار میں لے کر آئے تاکہ باقی رہ جانے والی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر اہم رہنماؤں بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جن میں سید توحید شاہ، سید فضیلت حسین شاہ، سید توصیف شاہ، میاں عمران مسعود اور دیگر شامل تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات