Live Updates

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کا معین قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مطالبہ

پیر 15 ستمبر 2025 20:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مطالبہ کر دیا جبکہ سیلاب زدگان کے لئے حکومتی مہم کے مقابلے پر اپنے طور پرمہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا ۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلیمان اکرام راجہ ،شرکت بسرا نے خصوصی شرکت کی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر ہماری جماعت ایوان میں کارکردگی نہیں دکھا پارہی ۔ اس موقع پر اراکین کی اکثریت نے رائے دی کہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے اورمعین قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فوری نو ٹیفکیشن جاری کرایا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس رائے پر اراکین نے تالیاں بجا کر تائید کی ۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سیلاب زدگان کے لئے حکومتی مہم کے مقابلے پر اپنے طور پر مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف سیلاب زدہ علاقوں میں متاثر ین کے لئے بھر پورمہم چلائے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے اختلافی امور پر بھی اظہار خیال کیا گیا ۔ اجلاس کے دوران سلمان اکرم راجہ نے اراکین پنجاب اسمبلی کو بانی چیئرمین عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات