Live Updates

سیلاب متاثرین کو کیمپوں میں معیاری کھا نا ، صاف پانی اوربہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، وزیرتعلیم پنجاب

پیر 15 ستمبر 2025 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کئی راتوں سے جاگنے کی وجہ سے تھکن سے چور ہونے کے باوجود توانا حوصلے اور جوان عزم کے ساتھ سیلاب متاثرین کی خدمت کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ رانا سکندر حیات گذشتہ ایک ہفتے سے موقع پر موجود رہتے ہوئے ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مختلف دیہاتوں میں متاثرین اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں میں کم و بیش 8ہزار افراد کے انخلاء اور آبادکاری کے آپریشن میں ذاتی طور پر شریک ہوا ہوں اور اپنی نگرانی میں علی پور، جلالپور اور سیت پور سے ہزاروں افراد کا کامیاب انخلاء کروایا اور آبادکاری میں ان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کابینہ کے اراکین کے فیلڈ میں مسلسل موجود رہنے کی وجہ سے سیلاب متاثرین کو بھی حوصلہ ہوا ہے اور ریلیف آپریشن منظم طریقہ سے انجام پایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نواز شریف سکول آف ایمیننس میں سیلاب متاثرین کے لیے بڑا امدادی کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں تین ہزار سے زائد خیمے، تین وقت کا معیاری کھانا ، پینے کا صاف پانی مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ صاف ستھرے واش رومز، طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے جبکہ سکول کو سیلاب متاثرین کی عارضی رہائش قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے بچوں کو بھی دو وقت کا دودھ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو ان کے کیمپوں میں تین وقت کے معیاری کھانے اور پینے کیلئے صاف پانی کی سہولت اس انداز سے فراہم کی گئی ہے کہ میں اور سینئر منسٹر خود بھی وہی کھانا اور پانی استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی پور کی آخری آبادی تک پانی پھیلے ہونے کے باوجود کلینک آن وہیلز اپنا کام کر رہی ہے اور میڈیکل کیمپس میں روزانہ 250 مریضوں کا علاج ممکن بنا رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سیت پور کا راستہ منقطع ہونے کے باوجود متاثرین کو فوڈ سپلائیز دن میں 3 مرتبہ بھیجی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا یہ لمحے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور ا ن کے دکھ بانٹنے کے ہیں۔ صرف اور صرف خدمت کے جذبے کے ساتھ گذشتہ کئی روز سے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم متاثرین کا دکھ ختم تو نہیں کر سکتے لیکن اس میں جتنی کمی کر سکتے ہیں، کر رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات