امریکی مصنوعات سے متعلق تحقیقات اور اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،چائنا کمیونیکیشن انٹرپرائزز ایسوسی ایشن

پیر 15 ستمبر 2025 20:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) چائنا کمیونیکیشن انٹرپرائز ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں وزارت تجارت کی جانب سے امریکی مصنوعات سے متعلق تحقیقات اور اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی ہے۔پیر کے روز چینی وزارت تجارت نے بتایا ہے کہ امریکہ سے درآمد ہونے والی اینالاگ چپیس کے خلاف اینٹی ڈمپنگ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ چین نے امریکہ کی جانب سے انٹی گریٹڈ سرکٹ کے شعبے میں چین کے خلاف نافذ کئے گئے مربوط اقدامات کے خلاف امتیازی سلوک کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

چائنا کمیونیکیشن انٹرپرائز ایسوسی ایشن نے ان اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چینی حکومت کی جانب سے چین کی انفارمیشن اور کمیونیکیشن انڈسٹری اور کاروباری اداروں کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کیلئے قانون کے مطابق ضروری اقدامات اٹھانے کی مکمل حمایت کرتی ہے ،کچھ عرصے سے امریکی حکومت نے سیمی کنڈکٹر اور متعلقہ شعبوں میں چین پر غیر منصفانہ پابندیاں اور ممنوعہ اقدامات نافذ کرنے کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کا یکطرفہ اور متعصبانہ طرز عمل چینی انفارمیشن اور کمیونیکیشن انٹرپرائزز کے جائز ترقیاتی حقوق اور مفادات کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے اور عالمی صنعتی چین کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچارہا ہے۔ ہم اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں،ہم عالمی صنعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہر طرح کی تحفظ پسندی اور یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کے لیے مل کر کام کریں، اور تکنیکی جدت، صنعتی چین کے ربط اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پائیدار اور باہمی فائدے پر مبنی ترقی کی وکالت کریں۔

متعلقہ عنوان :