Live Updates

یونائٹیڈ نیشنز آفیس فار پروجیکٹ سروسز کی کنٹری منیجر کاپراونشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کا دورہ

پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ سے ملاقات ،صوبے میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

پیر 15 ستمبر 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)یونائٹیڈ نیشنز آفیس فار پروجیکٹ سروسز (UNOPS) کی کنٹری منیجر جینفر انکروم نے پیر کو پراونشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)سندھ سلمان شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے کنٹری منیجر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر بحالی مخدوم محبوب الزمان کی خصوصی ہدایات پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں آنے والی قدرتی آفات سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں ایک مربوط ڈزاسٹر مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف محکموں کے درمیان فوری روابط اور ریسپانس مکینزم وضع کیا گیا ہے۔

سلمان شاہ نے مزید کہا کہ سسٹم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اسی لیے ڈی ایم آئی ای(ڈیزاسٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم)کو مزید جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس وقت سندھ کی تمام یونین کونسلز کا سروے ریکارڈ ڈی ایم آئی ایس میں موجود ہے، جس سے کسی بھی علاقے میں نقصانات یا ضرورتوں کا فوری اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ دورے کے دوران جینفر انکروم نے پی ڈی ایم اے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ناگزیر ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پی ڈی ایم اے کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلز استعمال کرنے چاہئیں تاکہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے پیشگی تخمینے مزید مثر بنائے جا سکیں۔ ان کے مطابق سیٹلائٹ امیجز سے متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال کا فوری اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے، جو زمینی سطح پر ریلیف سرگرمیوں کو تیز تر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یو این او پی ایس آفات کے بعد حاصل ہونے والے ڈیٹا اور زمینی حقائق کی بنیاد پر پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ مستقبل میں سندھ حکومت کو جدید عالمی معیار کے مطابق ڈزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد مل سکے۔ جینفر انکروم نے سندھ حکومت اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی سندھ حکومت کے اقدامات کو ایک مثبت ماڈل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت نہ صرف موجودہ صورتحال سے نمٹنے بلکہ مستقبل میں آنے والی ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات