امریکا اور چین کے درمیان امریکی سرزمین میں ٹک ٹاک کی ملکیت تبدیل کرنے پر اتفاق ہوگیا، حکام کا دعویٰ

پیر 15 ستمبر 2025 22:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)امریکا اور چین کے درمیان امریکی سرزمین میں ٹک ٹاک کی ملکیت کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔یہ دعویٰ امریکی تجارتی سفیر جیمیسن گرئیر نے اسپین کے شہر میڈرڈ میں چینی نمائندوں سے مذاکرات کے بعد کیا۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان امریکا کے کنٹرول میں ٹک ٹاک کی ملکیت کے حوالے سے ایک فریم ورک طے پاگیا ہے،البتہ انہوں نے معاہدے کی کمرشل شرائط کو بتانے سے گریز کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹک ٹاک کی ملکیت کے حوالے سے فریم ورک پر اتفاق کرلیا ہے، مگر ہم معاہدے کی کمرشل شرائط پر بات نہیں کریں گے کیونکہ یہ 2 نجی فریقین کے درمیان ہے، بس یہ بتا سکتے ہیں کہ کمرشل شرائط پر اتفاق ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ امریکا میں ٹک ٹاک کی ملکیت کے حوالے سے کافی عرصے سے جاری تنازع پر اہم پیشرفت ہے۔امریکا کی جانب سے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے کیونکہ یہ چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کے زیرتحت ہے۔

اپریل 2024 میں اس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک قانون پر دستخط کیے تھے جس کے تحت بائیٹ ڈانس کو 9 ماہ میں امریکا میں ٹک ٹاک فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد اس ڈیڈلائن میں کئی بار توسیع کی۔ٹک ٹاک کی ملکیت کا تنازع 2020 میں شروع ہوا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدارت کے دوران بائیٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کو فروخت کرنے یا ایسا نہ کرنے پر ایپ کی بندش کا انتباہ کیا تھا۔

متعدد امریکی کمپنیاں جیسے مائیکرو سافٹ، اوریکل اور دیگر نے امریکا میں ٹک ٹاک ا?پریشنز کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی،2022 سے ٹک ٹاک کی امریکی شاخ کو اوریکل کی جانب سے کلاؤڈ سروس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ سکیورٹی خدشات کو ختم کیا جاسکے۔اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ معاہدے کی حتمی تفصیلات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان 19 ستمبر کو شیڈول بات چیت کے دوران طے کی جائیں گی۔

جیمیسن گرئیر نے تصدیق کی کہ معاہدے کے لیے اب دونوں رہنماؤں کی منظوری کا انتظار کیا جائے گا۔امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کی تعداد ساڑھے 13 کروڑ سے زائد ہے جس میں وائٹ ہاؤس بھی شامل ہے۔وائٹ ہاؤس کا آفیشل ٹک ٹاک اکاؤنٹ اگست 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا، حالانکہ امریکی حکومتی ڈیوائسز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔