پاپوا نیوگنی اور آسٹریلیا میں معاہدہ،بیرونی خطرے کی صورت میں دونوں ایک دوسرے کا دفاع کریں گے

منگل 16 ستمبر 2025 10:10

پورٹ مورسبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) آسٹریلیا اور پاپوا نیوگنی کے درمیان ایک نیا دفاعی معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق کسی بیرونی حملے کی صورت میں دونوں ملک ایک دوسرے کا دفاع کریں گے۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاپوا نیوگنی آسٹریلیا سے آزادی کی 50 ویں برسی منارہا ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت فریقین اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ بحرالکاہل کے اندر کسی ایک پر حملہ دوسرے کے امن و سلامتی اور خود بحرالکاہل خطے کے لیے خطر ناک ہوگا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ کسی بھی خطرے سے مشترکہ طور پر نمٹیں گے۔اس میں کہا گیا ہے کہ فریقین ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے شہریوں کو ایک دوسرے کی فوج میں خدمات انجام دینے کے قابل بھی بناتا ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شمال میں پاپوا نیو گنی میلانیشیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے۔