Live Updates

یہ بچے ابھی آئے ہیں، ایک میچ ہارنے پر پیچھے نہ پڑیں : محمد عامر آغا الیون کی حمایت میں سامنے آگئے

جن کھلاڑیوں کے آپ نام لے رہو وہ پانچ چھ سال سے ٹیم کے ساتھ تھے ، کپتانی بھی کی ہے لیکن کچھ نہیں کیا : سابق فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 ستمبر 2025 11:22

یہ بچے ابھی آئے ہیں، ایک میچ ہارنے پر پیچھے نہ پڑیں : محمد عامر آغا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2025ء ) سابق فاسٹ بولر محمد عامر ایشیا کپ میں بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنے آگئے۔ 
سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ جو چھ سال سے ٹیم میں تھے انہوں نے بھی کچھ نہیں کیا ، یہ بچے ایک میچ ہارے ہیں تو ان کے پیچھے ایسے پڑ گئے ہیں جیسے یہ پتا نہیں کہاں سے آئے ہیں۔

 
انہوں نے کہا کہ آپ افغانستان، آئرلینڈ سے بھی ہارے ہیں، امریکا سے ہارے جس ٹیم کا میں بھی حصہ تھا، اب ان پلیئرز کے پیچھے ایسے پڑ گئے ہو جیسے پتا نہیں کیا ہوگیا ہے، جن کھلاڑیوں کے آپ نام لے رہو وہ پانچ چھ سال سے ٹیم کے ساتھ تھے ،کپتانی بھی کی ہے لیکن کچھ نہیں کیا۔ 
محمد عامر نے کہا کہ خدا کا خوف کریں، پرفارمنس پر بات کرسکتے ہیں کہ حارث رؤف کو کھیلنا چاہیے، حسن نواز کہاں سے آگیا، محمد حارث کہاں سے آیا ہے اپنا ایجنڈا لے کر نہ بیٹھیں۔

(جاری ہے)

 
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اگر تو ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، لگتا یہی ہے کہ پاکستان، بھارت کا پھر میچ ہونا ہے آپ نے تو تنقید کی حد کردی، ان چیزوں سے نکل آئیں، یہ کھلاڑی ہمارا مستقبل ہیں۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں گروپ اے کا ہائی وولٹیج میچ دبئی میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی ، ٹاپ آرڈر آؤٹ آف آرڈر ہوگیا، قومی ٹیم بھارت کو جیت کیلئے 128 رنز کا ہدف دے سکی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ بھارت کیخلاف پاکستان کی پہلی وکٹ پہلی ہی گیند پر گری، صائم ایوب پانڈیا کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حارث تھے جو 6 کے مجموعی اسکور پر 3 رنز بنا کر بمراہ کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں اکشر پٹیل نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد پاکستانی کپتان سلمان آغا بھی 3 رنز بنا کر اکشر پٹیل کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ سلمان آغا کے بعد آنے والے بلے باز حسن نواز بھی64 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں کلدیپ یادیو نے آؤٹ کیا۔

ان کے بعد حسن نواز بھی پہلی ہی گیند پر کلدیپ یادیو کا شکار بن گئے۔ 83 رنز پر صاحبزادہ فرحان بھی ہمت ہار گئے اور کلدیپ یادیو کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 44 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 97 رنز پر گری جب فہیم اشرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کیخلاف پاکستان کی نویں وکٹ 111 رنز پرگری، سفیان مقیم 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، بمراہ اور اکشر پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے 127 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ بھارت کی جانب سے ابھیشک شرما اور تلک ورما نے 31،31 رنز بنائے، شبمن گل 10 رنز بناسکے۔ ان کے علاوہ شیوم دوبے نے 10 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 47 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں صائم ایوب نے حاصل کیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات