حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بے روزگاری کا خاتمہ کر رہی ہے ،چیئرمین سرجیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان

منگل 16 ستمبر 2025 12:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) چیئرمین سرجیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان ذیشان طارق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر نہ صرف بے روزگاری کا خاتمہ کر رہی ہے بلکہ افرادی قوت میں بھی اضافہ کررہی ہے ۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ ٹیوٹا کے تعاون اورمیٹل انڈسٹری ڈویلپمنٹ انڈسٹری (ایم آئی ڈی سی )کے زیر انتظام جدید سرجیکل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ادارہ قائم کیا گیا ہے، جس میں سرجیکل مینوفیکچرنگ کے تمام جدید کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ ایم آئی ڈی سی کی حدود میں قائم کیا گیا ہے جس کے قیام میں ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین فیضان الحق مرزا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادارے میں مینوفیکچرنگ کے تمام پراسز سے متعلق کورسز شامل ہیں جن کے لئے داخلے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید مشینری پر مبنی کورسز کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہےسرجیکل فیکٹری مالکان سے اپیل ہے کہ وہ اپنے عملے کو ان کورسز میں داخل کروائیں تاکہ انہیں جدید ٹریننگ فراہم ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگار نوجوان بھی ان کورسز سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یہ کورسز انہیں سرجیکل انڈسٹری میں بہترین روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اور وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ ان کورسز میں سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرنگ ٹیکنیشن ،مشینسٹ لیول، گیس ویلڈنگ ، مکینکل ٹیکنالوجی اور 3ڈی شارٹ کورسز شامل ہیں ۔ان کورسز کا دورانیہ 3 ماہ سے 6ماہ تک محیط ہے ۔ نئے داخلوں کے لئے مڈل ،میٹرک اور انٹر میڈیٹ تعلیم لازمی ہے۔