ملک میں تیل وگیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی

ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار61689بیرل ریکارڈ

منگل 16 ستمبر 2025 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)ملک میں تیل وگیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق 8 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار61689بیرل ریکار ڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.6 فیصد کم ہے۔پیوستہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار62071 بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسی طرح 8ستمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار2611 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 1.2فیصد کم ہے۔پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار2643ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی تھی۔گزشتہ ہفتے کے دوران او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 30940 بیرل، پی پی ایل 9687بیرل، پی او ایل 4611بیرل اور ماڑی گیس کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار1089بیرل ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح 8ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار531ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل 441ایم ایم سی ایف ڈی ،ماڑی گیس 887ایم ایم سی ایف ڈی اورپی او ایل کی 50ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔قبل ازیں سعودی عرب نے ایک بار پھر ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔یہ کمی ستمبر کے مقابلے میں ایک ڈالر فی بیرل ہے، جو تجزیہ کاروں کی توقعات (0.40سے 0.70 ڈالر)سے زیادہ ہے۔

دیگر سعودی تیل کی اقسام کی قیمتوں میں بھی اکتوبر کے لیے 0.90 سے 1 ڈالر فی بیرل تک کمی کی گئی ہے۔تیل کے تاجروں کے مطابق سعودی فیصلے کی وجہ ایشیا خصوصا چین میں کمزور طلب کے خدشات ہیں۔ ادھر ماہرین نے چین میں تیل کی طلب کے جلد عروج پر پہنچنے کی پیش گوئیاں بھی بڑھا دی ہیں۔