کیچ میں شہید ہونے والے کیپٹن وقار احمد اور جوانوں کو وفاقی وزیرداخلہ کا خراج عقیدت

منگل 16 ستمبر 2025 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن وقار احمد اور پاک فوج کے چار دیگر جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیپٹن وقار احمد اور ان کے ساتھی جوانوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، پوری قوم ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے ملک میں امن کی آبیاری کی ہے، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں لواحقین کو صبر و حوصلہ عطا کرنے کی دعا کی۔ انہوں نے کیچ میں سکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران پانچ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔