پنجاب حکومت کا صوبے کی تاریخ کی پہلی ویمن ایکسپو کرانے کا فیصلہ

منگل 16 ستمبر 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت نے صوبے کی تاریخ کی پہلی ویمن ایکسپو کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ''مضبوط عورت، مضبوط پنجاب'' کے عنوان سے یہ ایکسپو نومبر کے آخری ہفتے میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت منعقد کی جائے گی، جس کی باضابطہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دے دی ہے۔ویمن ایکسپو 2025 میں نہ صرف پنجاب بلکہ خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور کشمیر سے خواتین اینٹرپرینیورز شریک ہوں گی، جبکہ بیرون ممالک سے بھی خواتین تاجروں کو مدعو کیا گیا ہے۔

برطانیہ، امریکا، کینیڈا، ترکیہ، جاپان اور کوریا سمیت کئی ممالک سے نمائندگان کی آمد متوقع ہے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش، چین، ملائیشیا اور دیگر ممالک کی خواتین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور لاہور چیمبرز سمیت مختلف چیمبرز آف کامرس نے بھی ایکسپو میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور کا کہنا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے یہ ایکسپو سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ویمن ایکسپو کو عالمی معیار کے مطابق منعقد کیا جائے گا، جہاں خواتین اپنی تیار کردہ مصنوعات کے اسٹالز لگائیں گی۔مریم نواز نے کہا کہ اوزون کے تحفظ میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔ فضا، پانی اور زمین کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سرسبز، صاف اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے اور ترقی کا یہ سفر کسی صورت نہیں رکے گا۔