Live Updates

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر 6 اضلاع کے سیوریج نظام ڈیزائن فیز میں داخل

شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گجرات اور مری میں واساز تکمیل کے مراحل میں،سیلابی تباہی اور اربن فلڈنگ کے پیش نظر مربوط پلاننگ پر کام جاری

منگل 16 ستمبر 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے چھ اضلاع کے سیوریج نظام ڈیزائن فیز میں داخل ہو گئے ہیں۔ ان اضلاع میں حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان، اوکاڑہ، سرگودھا، جہلم اور جھنگ شامل ہیں، جہاں سیوریج کے جدید اور فعال نظام تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گجرات اور مری میں واساز بھی تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ نیسپاک تمام اضلاع کے سیوریج نظام پر کام جلد از جلد مکمل کرے۔ سیوریج نظام معیاری اور دیرپا ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کو پائیدار سہولت میسر آ سکے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ترقی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں یکساں اور معیاری رکھا گیا ہے۔ موجودہ سیلابی تباہی اور اربن فلڈنگ کے واقعات کے پیش نظر مربوط پلاننگ کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات