گل پلازہ مارکیٹ مارسٹن روڈ خستہ حالی کا شکار ‘سیوریج کا پانی جمع

تاجروں و خریداروں کو سخت مشکلات کا سامنا ‘ایک ہفتہ گزر گیا ‘ مسئلہ حل نہیں ہوا

منگل 16 ستمبر 2025 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) مارسٹن روڈ کی خستہ حالی اور گل پلازہ مارکیٹ سمیت دیگر اہم تجارتی مراکز کے باہر جمع سیوریج کے پانی نے تاجروں اور خریداروں کے لیے شدید مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پڑ گئے ہیں اور بارش و سیوریج کے پانی میں یہ کھڈے چھپ جانے کے باعث آئے روزحادثات پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں والے اکثر گرنے اور پھسلنے کے باعث زخمی ہو رہے ہیں جب کہ بدبو دار پانی نے ماحول کو مزید ناقابل برداشت بنا دیا ہے۔

گزشتہ دنوں تاجروں کے احتجاج اور میڈیا پر احتجاج ر یکارڈکرانے کے بعد اگرچہ سڑک سے پانی کی صفائی کا کچھ کام ہوا مگر بنیادی مسئلہ جوں کا توں ہے۔ اس صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر گل پلازہ تنویر پاستا نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی نے مارکیٹوں کی رونقیں ماند کر دی ہیں،ہم نے بارہا متعلقہ اداروں کو شکایات درج کروائیں، انتظامیہ اور کے ایم سی کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو نقصان اور خریداروں کو شدید تکلیف کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

تنویر پاستا نے مزید کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کے عملے نے پانی سکشن کا کام تو کیا ہے لیکن پانی دوبارہ کھڑا ہوگیا ہے،ہمارا کہنا ہے کہ یہاں کی سیوریج لائن کو تبدیل کیا جائے ۔تنویر پاستا کا کہنا ہے کہ حکومت اور بلدیاتی ادارے اگر بروقت اقدامات کریں تو یہ مسئلہ آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے لیکن مسلسل غفلت سے شہری اور کاروباری حلقے بدحال ہیں۔تنویر پاستا نے وزیر بلدیات سندھ ، میئر کراچی اور واٹر اینڈ سیوریج کار پو ر یشن کے حکام سے فوری نوٹس لینے اور مستقل بنیادوں پر سیوریج کے نظام کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر ہمارا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور احتجاج کریں گے کیونکہ یہ ہمارے کاروبار کی بقا کا مسئلہ ہے۔