پاکستانی انجینئرز کے لئے آسٹریلیا میں روزگار کے مواقع، پی ای سی کی بڑی پیشرفت

منگل 16 ستمبر 2025 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر کی قیادت میں پاکستانی انجینئرز کے لئے بین الاقوامی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ایک اہم مہم کا آغاز کیا ہے۔پی ای سی نے انجینئرز آسٹریلیا اور پاکستانی قونصل خانہ سڈنی کے تعاون سے آسٹریلیا میں پاکستانی انجینئرز کے لئے روزگار کے راستے ہموار کرنے کے لئے مشترکہ اقدامات کئے ہیں۔

اس سلسلے میں ایک خصوصی ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین صنعت اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ ویبینار میں آسٹریلیا میں کامیاب انجینئرنگ کیریئر بنانے، مختلف شعبہ جات میں ملازمت کے مواقع اور واشنگٹن ایکارڈ سے باہر انجینئرز کے لئے Competency Demonstration Report (CDR) کی تیاری جیسے موضوعات پر رہنمائی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے ویبینار کے اختتام پر بتایا کہ پی ای سی نے نیا "کنٹینیوئنگ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی ) فریم ورک" متعارف کرایا ہے جو انجینئرز کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دے گا۔

پی ای سی نے انجینئرز آسٹریلیا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کئے ہیں جس کا مقصد پاکستانی انجینئرز کے لئے آسٹریلیا میں پیشہ وارانہ شناخت اور روزگار کے مواقع کو آسان بنانا ہے۔عالمی سطح پر انضمام کے وژن کے تحت پی ای سی نے اپنے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک "گلوبل لنکیجز ڈویژن" بھی قائم کیا ہے جو بیرونِ ملک ملازمتوں اور انجینئرز کی بین الاقوامی آمدورفت کو فروغ دے گا۔