ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن ، 131املاک سربمہرکردیں

منگل 16 ستمبر 2025 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ متحرک ہے اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے رائے ونڈ روڈ، نظریہ پاکستان روڈجوہرٹاون، گلبرگ،فیصل ٹاون،گلشن راوی،سمن آباد،وحدت روڈ اور سبزہ زار میں آپریشن کرکے 131املاک سربمہرکردیں۔

آپریشن کے دوران غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیسوں کی عدم ادائیگی پررائے ونڈ روڈ پر49املاک سربمہر کی گئیں۔فیصل ٹائون اور گلبرگ میں 25املاک سیل کی گئیں۔

(جاری ہے)

گلشن راوی ،سمن آباد سکیم میں 20املاک سربمہر کی گئیں اور نظریہ پاکستان روڈ پر25املاک ، وحدت روڈعلامہ اقبال ٹاون اور سبزہ زار میں12املاک سربمہر کی گئیں۔سیل کی گئی املاک میں نجی سکول،کالج، بینک، بیکری، کلینک، بیوٹی سیلون، ورکشاپ، فوڈ پوائنٹ،پراپرٹی آفس، دکانیں، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔

آپریشن چیف ٹائون پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹائون پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی ایل ڈی اے ٹیموں نے کیا ۔آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔آپریشن میں ٹائون پلاننگ ونگ کی ٹیموں ، انفورسمنٹ سٹاف اور پولیس کی نفری نے حصہ لیا ۔