عالمی ترقی کے دھارے میں شمولیت کیلئے ترقی پذیر ممالک کو عالمی اقتصادی عمل میں زیادہ مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں ،سینیٹر عبدالشکور خان اچکزئی

منگل 16 ستمبر 2025 19:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) ایوانِ بالا کی فنکشنل کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کے چیئرمین، سینیٹر عبدلشکور خان اچکزئی نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس کی صدارت بھی سینیٹر عبدلشکور خان اچکزئی نے کی، جس میں خطے کے مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں اقتصادی تعاون، خطے کی ترقی کے نئے مواقع اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سینیٹر عبدلشکور خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے کی مشترکہ اقتصادی ترقی اور روشن مستقبل کے لیے مربوط اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی اقتصادی عمل میں زیادہ مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ عالمی ترقی کے دھارے میں مؤثر انداز میں شامل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عبدلشکور خان اچکزئی نے اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور عالمی فورم پر ملک کا وقار بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون، امن اور ترقی کے فروغ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس ضمن میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔یہ اجلاس خطے میں ترقیاتی و معاشی تعاون کے نئے مواقع پر مرکوز رہا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایشیائی ممالک مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اپنے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں گے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سینیٹر عبدلشکور خان اچکزئی کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ ضلع قلعہ عبداللہ سے ہے، اور ان کی عالمی سطح پر نمائندگی نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے خطاب نے پاکستان کی مؤثر نمائندگی کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے لیے بھی فخر کا موقع فراہم کیا۔