Live Updates

چیئرمین آل پاکستان جوڈیشری ایمپلائز ایسوسی ایشن کی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ،آگیگا کی جانب سے عدلیہ پر لگائے الزامات کی مذمت

منگل 16 ستمبر 2025 19:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)آل پاکستان جوڈیشری ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی و صوبائی چیئرمین ولی خان وردگ نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور آگیگا کے چیئرمین وزیر زادہ کی جانب سے معزز عدلیہ پر لگائے گئے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پںبلک ہیلتھ ملازمین کے عہدیدار دو دنوں کے اندر اندر پریس کانفرنس کرکے معذرت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایپجیا خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری سید منتظر شاہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلطان محمود، فنانس سیکرٹری انور خان، آفس سیکرٹری نصیر خان، ضلعی صدر عثمان مالک، عطا اللہ،فضل احد، عمران خان، رشید احمد، قمر زمان، اختر اقبال، سیار احمد اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آگیگا کے چیئرمین وزیر زادہ نے پبلک ہیلتھ ملازمین اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرکے معزز عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی، انہوں نے کہاکہ پبلک ہیلتھ ملازمین نے سیشن جج کو الاٹ کردہ سرکاری بنگلے پر ہلہ بول کر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایااور بنگلے پر ناجائز قبضہ جمانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیشن جج سوات نے اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی لیکن تاحال مرکزی ملزم سمیت دیگر ملزمان روپوش ہیں اور قانون سے راہِ فرار اختیار کررہے ہیں۔

ولی خان وردگ نے واضح کیا کہ جوڈیشری ایک معزز ادارہ ہے اور ہم کسی بھی صورت محاذ آرائی یا تصادم نہیں چاہتے، لیکن پبلک ہیلتھ کے ملازمین نے دیگر اداروں کے عہدیداروں اور آگیگا کے چیئرمین کو گمراہ کرکے حالات کو تصادم کی طرف دھکیلا اور معزز عدلیہ پر من گھڑت الزامات لگائے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی افہام و تفہیم سے مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پبلک ہیلتھ کے ملازمین مسلسل حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دو دن کے اندر پبلک ہیلتھ ملازمین نے معذرتی بیان جاری نہ کیا تو ہم اپنے قانونی حق کے مطابق کارروائی کریں گے اور ہر ضلع میں ان کے خلاف کیس دائر کئے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات