ی*عوامی رائے اور اعتماد کو فوقیت دینا ہی جمہوریت کا حسن ہے، سینیٹر حافظ عبدالکریم

ھ*پاکستان کے قیام کی بنیاد جمہوری جدوجہد پر رکھی گئی،امیرمرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان

منگل 16 ستمبر 2025 20:05

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام نہیں بلکہ ایک ایسا اصولی طریقہ ہے جس میں عوامی رائے اور اعتماد کو اولیت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی بنیاد بھی جمہوری جدوجہد پر رکھی گئی تھی اور آج ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا راستہ بھی صرف جمہوری اقدار کو اپنانے اور ان کے استحکام سے ہو کر گزرتا ہے۔

حافظ عبدالکریم نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں اور اپنی آواز کو ایوانوں تک پہنچائیں۔ یہی نظام عوامی شمولیت، قانون کی بالادستی، باہمی احترام اور قومی وحدت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قوم کو سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی اور سماجی انصاف میسر آ سکے۔

امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث نے کہا کہ نوجوان نسل کو جمہوری اقدار اور اصولوں سے روشناس کرانا ازحد ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی قیادت بہتر انداز میں کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے تک محدود نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل اور عوامی خدمت کی ایک وسیع جدوجہد ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان جمہوری استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ حافظ عبدالکریم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو ملک و قوم کی بہتری کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ یہی جمہوریت کا اصل حسن ہے۔