گ*کھاد کی بروقت فراہمی اور مستحکم قیمتوں کے لیے اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس

د*کاشتکاروں کو کھاد کی قلت اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے بچانے کی ہدایت

منگل 16 ستمبر 2025 20:05

Wاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کھاد ساز اداروں کو پائیدار گیس فراہمی اور کاشتکاروں کے لیے یوریا کی بروقت دستیابی یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کھاد کارخانوں کے لیے موجودہ گیس مختص کرنے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کھاد کی صنعت کی پائیداری اور کسانوں کی استطاعت کے درمیان توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزارتوں، ریگولیٹرز اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو مربوط حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت دی تاکہ کاشتکاروں کو قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور کھاد کی قلت سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں وفاقی وزرائے قومی غذائی تحفظ، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور نجکاری شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین مسابقتی کمیشن، نیشنل کوآرڈینیٹر پاور، کھاد کی صنعت کے نمائندے اور سینئر سرکاری حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔