پاکستان پوسٹ نے سپارکو ڈے پر خلائی کامیابیوں کی یادگار ٹکٹیں جاری کر دیں

منگل 16 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان پوسٹ نے منگل کو سپارکو ڈے کے موقع پر تین خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا اجرا ء کر دیا۔ یہ ڈاک ٹکٹیں پاکستان کی خلائی تاریخ میں اہم سنگ میل سمجھے جانے والے مشنوں آئی کیوب قمر، پاک سیٹ MM1 اور ای او-1 کی کامیاب لانچنگ کی یاد میں جاری کی گئی ہیں۔آئی کیوب قمر جو 3 مئی 2024 کو چین کے چانگ ای 6 مشن کے ساتھ خلا ء میں بھیجا گیا، پاکستان کا پہلا چاندی کیوب سیٹلائٹ ہے، اس نے چاند کے گرد مدار میں کامیابی سے گردش کی اور چاند و سورج کی دلکش تصاویر زمین پر بھیجیں جو پاکستان کی چاند کی تسخیر میں پہلی کامیاب کوشش تھی۔

اس کے بعد 30 مئی 2024 کو پاک سیٹ-MM1 کا کامیاب اجرا ء کیا گیا جو ایک جیو سٹیشنری کمیونیکیشن سیٹلائٹ ہے، اس کا مقصد پاکستان میں براڈکاسٹنگ، ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تیسرا سنگ میل 17 جنوری 2025 کو حاصل ہوا جب پاکستان نے اپنا پہلا مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو-آپٹیکل سیٹلائٹ ای او-1 خلا ءمیں بھیجا،یہ سیٹلائٹ زرعی ترقی، شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی آفات کے انتظام میں مدد فراہم کرتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ ڈاک ٹکٹیں صرف یادگار کے طور پر نہیں بلکہ پاکستان کی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں مسلسل پیشرفت کی علامت ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے ان انجینئرز، سائنسدانوں اور ماہرین کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو ملک کو خلا ء میں نمایاں مقام دلانے کے لئے کوشاں ہیں۔