نادرا اور کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کا مشترکہ اقدام،"پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن" پر آگاہی سیشن کا انعقاد

منگل 16 ستمبر 2025 21:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) شہریوں کی سہولت اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس نے مشترکہ طور پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ تقریب کا مقصد نئی متعارف کروائی گئی پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن کے حوالے سے طلبہ کو آگاہ کرنا اور انہیں ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال پر رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

ٹیم کی قیادت فہیم احمد عباسی (ڈپٹی ڈائریکٹر) نادرہ کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ وسیم شاہ (ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر)، عظمت سعید (زونل افس ایبٹ آباد) اور تنویر اکرم(او آئی سی، موبائل رجسٹریشن وین )خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس سے ڈاکٹر سردار فیصل رحمان، ڈاکٹر بلال بن سعید اور نعمان ترین تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں نادرا کے افسران نے طلبہ کو ایپلیکیشن کے فیچرز کی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ایپ کس طرح عام شہریوں کے لیے شناختی کارڈ، بچوں کی رجسٹریشن، اور دیگر دستاویزات کی درخواست کے عمل کو نہایت آسان بناتی ہے۔ اس موقع پر ایپلیکیشن کے لائیو ڈیموسٹریشن بھی دیئے گئے جن کے ذریعے شرکاء نے عملی طور پر دیکھا کہ کس طرح موبائل فون کے ذریعے چند منٹوں میں خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔نادرا حکام نے کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ پاکستان کے اندر مقیم شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی یکساں طور پر مفید ہے۔

اب بیرونِ ملک رہنے والے افراد بھی بغیر سفارت خانہ یا قونصلیٹ کے چکر لگائے اپنی شناختی دستاویزات کے لیے براہِ راست آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی اور عوام کو بین الاقوامی سطح پر سہولت ملے گی۔یہ ایپلیکیشن اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے اور شہری اسے بآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

مزید معلومات کے لیے نادرا نے اپنی ویب سائٹ پر رہنمائی فراہم کی ہے۔https://id.nadra.gov.pk/e-id](https://id.nadra.gov.pk/e-id/)تقریب کے دوران طلبہ نے ایپ کے حوالے سے متعدد سوالات کیے جن کے جوابات نادرا کے ماہرین نے تفصیل سے دیئے۔ سوال و جواب کے اس سیشن میں طلبہ نے نہ صرف دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ عملی زندگی میں ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر خوشی کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی نادرا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس اور شہری سہولتوں کی فراہمی جدید پاکستان کی ضرورت ہے اور طلبہ کو اس حوالے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف عوام کی سہولت کے لیے ہیں بلکہ پاکستان کو ڈیجیٹل انقلاب کی راہ پر گامزن کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔