بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 8.99 فیصد ، ماہانہ بنیادوں پر 2.6 فیصد اضافہ

منگل 16 ستمبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 8.99 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 2.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بیوروبرائے شماریات(پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ(ایل ایس ایم) 115.7 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 8.99 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ سال اگست میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 106.1 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا،جون کے مقابلہ میں جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں ماہانہ بنیادوں پر2.6 فیصد کی نمو ہوئی،جون میں بڑی صنعتوں کی پیداوارکااشاریہ 112.8 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں ٹیکسٹائل کی پیداوارمیں 0.01 فیصد ،خوراک 0.89 فیصد،کوئلہ و پٹرولیم مصنوعات 1.01 فیصد،وئیرنگ ایپرل 3.80 فیصد،فارما 0.07 فیصد،غیردھاتی معدنیات 0.96 فیصد،آٹوموبائل 1.33 فیصد ، برقی آلات 0.12 فیصد،پیپراینڈبورڈ0.36 فیصد،ٹرانسپورٹ آلات 0.21 فیصد اور فرنیچرکی پیداوارمیں 0.21 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔