راولپنڈی انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان 2025 میں اریج شفقت حیات کی پہلی پوزیشن

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی طالبہ اریج شفقت حیات نے 1148 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ترجمان کے مطابق دوسری پوزیشن بھی پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی عائشہ مشتاق کے حصے میں آئی جنہوں نے 1139 نمبر حاصل کیے۔

(جاری ہے)

رائل کالج آف سائنسز فار گرلز پنڈی روڈ چکوال کی ایمان فاطمہ نے 1138 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کہا ہے کہ یہ تمام طلبہ و طالبات اپنی محنت اور لگن سے نمایاں کامیابی کے مستحق قرار پائے ہیں۔دریں اثناء بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی کے آڈیٹوریم میں 18 ستمبر 2025 بروز جمعرات منعقد ہوگی جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔