Live Updates

چیمبرآف سمال ٹریڈرزملتان کی جانب سے سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 17:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) چیمبرآف سمال ٹریڈرزملتان کی جانب سے جلال پورپیروالا اورشجاع آباد میں سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں بدھ کے روز1000 افراد کودوپہر کا کھانا فراہم کیا گیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ محمد شفیق کی سربراہی میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی جانب سے ریلیف سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں جا کرنہ صرف کھانا تقسیم کررہی ہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کا جائزہ بھی لے رہی ہیں۔ ۔چیئرمین خواجہ محمد شفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ جلال پور پیروالا اورشجاع آباد کے نواحی دیہات میں ہزاروں افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوچکے ہیں،فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اورمقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے وسائل سے زیادہ متاثرین کی مدد کر رہی ہے، اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک صورتحال معمول پر نہیں آ جاتی۔ جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری نے بتایا کہ چیمبر کی جانب سے کھانے کی فراہمی کا یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو کچھ حد تک ریلیف مل سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات