لوئر قندیل کالونی کی حفاظتی دیوار زمین بوس ، دو سو سے زائد گھر براہِ راست خطرے کی زد میں آگئے

بدھ 17 ستمبر 2025 23:17

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) باغ آزاد کشمیر میں حالیہ شدید بارشوں اور نالے میں طغیانی کے باعث لوئر قندیل کالونی کی حفاظتی دیوار زمین بوس ہوگئی۔ دیوار گرنے کے نتیجے میں دو سو سے زائد گھر براہِ راست خطرے کی زد میں آگئے ہیں جبکہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔کروڑوں روپے مالیت کے مکان خطرے میں متاثرین کے مطابق اس کالونی میں کروڑوں روپے مالیت سے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہ ہونے اور دیوار کے گرنے کی وجہ سے پوری آبادی غیر محفوظ ہو گئی ہے۔

دیوار کے انہدام سے نالے کا پانی آبادی کی جانب بڑھنے لگا ہے جس سے کسی بھی وقت بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔آمد و رفت میں مشکلات دیوار گرنے کے بعد نالے کے پانی کے پھیلاؤ سے مین سڑک بھی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

راستے بند ہونے سے لوگوں کی روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ یہ حفاظتی دیوار ورلڈ بینک کے منصوبے کے تحت تعمیر کی گئی تھی ۔ عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر، وزرائے حکومت، چیف سیکریٹری اور ضلع باغ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نئی اور مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے۔نالے کا رخ درست کر کے درمیان میں منتقل کیا جائے تاکہ کالونی محفوظ ہو سکے ۔\378