پنشن اصلاحات کی واپسیاورفوتگی کوٹے پر ملازمتوں کی فراہمی تک احتجاج تالا بندی اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،سندھ ایمپلائز الائنس

بدھ 17 ستمبر 2025 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)سندھ ایمپلائز الائنس میں شامل سرکاری وبلدیاتی ملازمین کی تنظیمیں پینشن اصلاحات کی واپسی،ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی،DRAالاونس اور فوتگی کوٹے پر ملازمتوں کی فراہمی تک احتجاج،دھرنوں اور تالابندی تک جدوجہد جاری رکھیں گی۔اس بات کا فیصلہ کراچی کے مقامی آرٹیوریم میں منعقدہ ورکرز کنونیشن میں کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الائنس کے چیئرمین محمد اشرف خاصخیلی نے کہا کہ 23 ستمبر سے صوبے بھر کے سرکاری اداروں میں غیر معینہ مدت تک تالا بندی کی اجائے گی جبکہ 6 اکتوبر سے بلاول ہاوس پر مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیاجائے گا۔اس موقع پر مختلف تنظیموں کے قائدین سید ذوالفقارشاہ،غلام رسول مہر،سید اسرارشاہ،عبدالرشید چانڈیو،اشرف بوزئی،پروفیسر منور عباس،بخشل چانڈیو نے کہا کہ گرفتاریاں شیلنگ،واٹر کینن،ربڑ کی گولیوں کے استعمال کا سینہ سپر ہوکر مقابلہ کریں،اگر مطالبات کی منظوری کے لیے جان کی بازی لگانا پڑی تو بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ نے پینشن اصلاحات نافذکرکے آئین کی خلاف ورذی کی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ریٹائرمنٹ پر اپنی جمع شدہ گروپ انشورنس کی ادائیگی،سپریم کورٹ کے حکم کے تحت فوتگی کوٹے کے زیر التوا کیسز پر ملازمتوں اور وفاق کی طرز پر DRAالاونس کی ادائیگی ہمارے بنیادی مطالبات ہیں جو حاصل کرکے رہیں گے۔کراچی ورکرزکنوینشن میں آڈیٹوریم کھچا کھچ بھرا ہونے کے ساتھ ساتھ آڈیٹوریم کا گرائونڈ اور ملحقہ سڑک تک پر ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔