Live Updates

سید عمران حسین کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی، شکیل قاسمی

بدھ 17 ستمبر 2025 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سینئر رہنما سید عمران حسین کی نماز جنازہ جامع مسجد مصطفیٰ بفرزون میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو رقت آمیز مناظر کے درمیان مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔نماز جنازہ میں جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے رہنما ملک محمد شکیل قاسمی، سابق کونسلر جاوید پاکستانی، پاکستان فلاح پارٹی کے حافظ عابد خان، پرائیویٹ اسکول رہنما محمد عمران خان، معروف سماجی رہنما محمد ہاشم نورانی، محمد کاشف نورانی، عبدالوحید یونس، قاری شبیر احمد،پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے شبیر شاہ اور مختلف جماعتوں، تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے سید عمران حسین کی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص، دیانتدار اور خدمتِ دین و انسانیت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا فقدان جماعت اور اہلِ سنت کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ مرحوم نے ہمیشہ اتحادِ امت، فروغِ دین اور عوامی فلاح کے لیے اپنی زندگی کو وقف کیا تھا۔نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر شریک رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت، بلندیء درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ ساتھ ہی اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔سید عمران حسین کی وفات کے بعد مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات