یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں

بدھ 17 ستمبر 2025 20:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی کانووکیشن کمیٹی کا پانچواں اجلاس کنٹرولر امتحانات اور کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر عبدالماجد ناصر کے زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کمال احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر، انچارج پروکیورمنٹ ونگ سراج احمد، ڈپٹی رجسٹرار شاہد خالد اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شکیل احمد نے شرکت کی۔

اجلاس میں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے لیے جاری تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں اکیڈمک، انتظامی، مالی اور لاجسٹک پہلووں کا جامع جائزہ شامل تھا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اپنی سفارشات میں تجویز دی کہ یونیورسٹی آف تربت کا تیسرا کانووکیشن نومبر 2025 کے تیسرے ہفتے میں منعقد کیا جائے اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن محض ایک تقریب نہیں بلکہ یہ طلبہ کی برسوں کی علمی محنت اور ان کی کامیابیوں کا اعتراف ہے۔

ہمیں اسے ہر لحاظ سے کامیاب، یادگار اور باوقار بنانا ہوگا انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام ذیلی کمیٹیاں باہمی روابط اور قریبی تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ کانووکیشن کے انتظامات بروقت اور بہترین انداز میں مکمل ہوں کمیٹی کے ارکان نے عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کو ایک تاریخی اور شاندار علمی و تعلیمی تقریب بنایا جائے گا، تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو شایانِ شان خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور ان کی کامیابیوں کو پوری وقعت کے ساتھ منایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :