حکومت بلوچستان اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے،بلال خان کاکڑ

بدھ 17 ستمبر 2025 19:19

کوئٹہ +کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جھینگا فارمنگ پراجیکٹ پر پیشرفت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری، زبیر طفیل (سی ای او طفیل کیمیکل لمیٹڈ)، فواد انور (چیئرمین الکرم ٹیکسٹائل)، اسد فواد (سی ای او دھابیجی ایکوا فوڈز)، محمد وسیم اصغر (ہاؤس آف کاسب)، اور میر جہانگیر خان مری (چیئرمین پاک چائنا گروپ آف کمپنیز) نے شرکت کی۔

اجلاس میں جھینگا فارمنگ منصوبے کے مختلف پہلوؤں، سرمایہ کاری کے امکانات اور بین الاقوامی مارکیٹ میں جھینگے کی بڑھتی ہوئی طلب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس منصوبے کو بلوچستان کی معیشت میں ایک نئے باب کے طور پر قرار دیا جو نہ صرف مقامی روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ ملکی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی صوبے میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے واضح اور عملی پالیسی رکھتے ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاروں کو پالیسی سپورٹ اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جھینگا فارمنگ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کرے گا اور ساحلی علاقوں میں سماجی و معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کو بین الاقوامی سطح پر سمندری خوراک کی صنعت میں ایک نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :