کوئی مجھے روک نہیں سکتا، علیمہ خانم یا کسی بندے کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں ،بیرسٹر سیف

بانی پی ٹی آئی کو دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں پر اعتراض نہیں، پنجاب ڈوبا ہوا ہے ،عوام کے اربوں روپے صرف تصاویر پروموٹ کرنے پر خرچ کئے جا رہے ہیں، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

بدھ 17 ستمبر 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ علیمہ خانم یا کسی بندے کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں کہ مجھے روک سکے،بانی پی ٹی آئی کو دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں پر اعتراض نہیں، پنجاب ڈوبا ہوا ہے ،عوام کے اربوں روپے صرف تصاویر پروموٹ کرنے پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ میں علیمہ خانم یا کسی کا نام نہیں لیتا لیکن جو بات بانی کہتے ہیں وہ اسی طرح بتانا چاہئے، بانی پی ٹی آئی نے بعض دفعہ یہ کہا میں نے تو یہ بات اس طرح نہیں کہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ امیدواروں کی نامزدگی کے وقت بھی ہنگامہ کھڑا کیا گیا لیکن میں نے واضح کیا تھا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم یا کسی بندے کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں کہ مجھے روک سکے کیونکہ میں ایک حکومت کا عہدیدار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بڑی زبردست ٹک ٹاک حکومت چل رہی ہے ،یونیورسٹیز کو چاہئے کہ مریم نواز پر ایک ماڈیول بنائیں کہ کس طرح ٹک ٹاک سے حکومت چلائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈوبا ہوا ہے اور عوام کے اربوں روپے صرف اپنی تصاویر پروموٹ کرنے پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی قسم کا آپریشن نہیں ہو رہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے اور اس میں عوام، فوج اور پولیس سب نے قربانیاں دی ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں پر کوئی اعتراض نہیں، ان کی واضح پالیسی ہے کہ دہشتگردوں کو کسی قسم کا ریلیف یا سمجھوتا نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی جیسے سنگین معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور وفاق ایک پیج پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کے غیر سنجیدہ بیانات سے صرف دہشتگردوں کو فائدہ ہو رہا ہے، خواجہ آصف اور دیگر وزراء معاملات درست کرنے کے بجائے مزید خراب کرتے ہیں۔