پنجاب بار کونسل کے لاہور سمیت صوبہ بھر سے پانچ سالہ مدت کیلئے ارکان کے انتخاب کیلئے الیکشن شیڈول جاری

بدھ 17 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) پنجاب بار کونسل کے لاہور سمیت صوبہ بھر سے پانچ سالہ مدت کیلئے ارکان کے انتخاب کیلئے الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا ۔انتخابات کیلئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے بطور ریٹرننگ افسر پنجاب بار کونسل کے انتخابات کیلئے شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 23ستمبر سے لیکر 4اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں ، ناموں کی ابتدائی فہرست 6اکتوبر کو جاری کی جائے گی، 16اکتوبر کوحتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا پنجاب بار کونسل انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سخت نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے گردونواح ٹرنر روڈ، فین روڈ کیساتھ ماڈل ٹائون ، کینٹ کچہری اور دیگر مقامات پر آویزاں امیدواران کے تشہیری بینرز اور فلیکسز اتار دئیے گئے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق توڑنے والے امیدواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، امیدوار صرف وکلا سے رابطہ مہم تک محدود رہیں، بینرز اور فلیکسز کے ذریعے مہم نہ چلائیں ،ضابطہ اخلاق کی پابندی سے ہی انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں گے۔