وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی انجینئر طارق سدوزئی کا 40.8 میگاواٹ کوٹو پن بجلی منصوبے کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے توانائی انجینئر طارق سدوزئی نے گزشتہ روز دیر لوئر میں 40.8 میگاواٹ کے حامل کوٹو پن بجلی منصوبے کی جگہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر سلطان روم نے منصوبے کی تازہ ترین پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوٹو منصوبہ 10 اگست 2025 کو کامیابی کے ساتھ کمرشل آپریشن ڈیٹ پر داخل ہوا اور اب قومی گرڈ کو خاطر خواہ مقدار میں بجلی فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل میں متعدد رکاوٹیں حائل تھیں تاہم صوبائی حکومت کے مؤثر اقدامات اور چینی انجینئرز کی بروقت تعیناتی کے باعث یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی انجینئر طارق سدوزئی نے اس موقع پر کہا کہ کوٹو پن بجلی منصوبے کا کمرشل آپریشن میں شامل ہونا صوبے کے توانائی کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صاف، سستی اور پائیدار بجلی کی فراہمی کی جانب ایک بڑا قدم ہے جس سے صوبائی حکومت کو سالانہ تقریباً 2 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔

معاون خصوصی نے منصوبے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پنچ لسٹ میں شامل باقی تمام امور کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کا ٹیکنگ اوور سرٹیفکیٹ بروقت جاری کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل نہ صرف صوبے کی توانائی ضروریات پوری کرے گی بلکہ سالانہ اربوں روپے کی آمدن کے ذریعے صوبے کی معیشت کو بھی مستحکم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :