فیصل آباد بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹوکے نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کا تناسب73.71 فیصد رہا

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے جمعرات کی صبح انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ(سیکنڈ ایئر،بارہویں جماعت)کے سالانہ امتحان2025 کے نتائج کا اعلان کردیاجس میں شریک کل104009 طلباوطالبات میں سے 76661پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 73.71 فیصد رہا۔نتائج کی سادہ وپروقار تقریب کمشنروچیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آبادراجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت ڈویژنل ماڈل کالج میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی،پی آراو بورڈ رضوان احمد جوئیہ،پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد،آفتاب احمداور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صبح 10 بجے چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹbisefsd.edu.pk wwwپر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈو کمپوزٹ سالانہ (اول)2025میں کل104009طلباوطالبات شریک ہوئے جن میں سے 76661پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 73.71فیصد رہا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباوطالبات کیلئے ان کے گھروں کے نزدیک 360 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ امیدواران کو امتحانی مراکز پہنچنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن بورڈراجہ جہانگیر انور نے کہا کہ طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی میسر ہے لہٰذاایسے بچے جنہیں اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق بے یقینی ہوتو وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرپرسن بورڈنے شاندار،بروقت اور غلطیوں سے پاک رزلٹ تیار کرنے پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی اور سسٹم اینالسٹ سمیت دیگر تمام متعلقہ افسران و ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ رزلٹ کا بروقت تیار ہونابورڈ افسران و ملازمین کی محنت اور شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ما یوسی پھیلائی جاتی ہے کہ اس ملک میں کچھ نہیں ہو سکتا،یہاں میرٹ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب بچے اس کا اظہار ہیں کہ اگر آپ محنت کریں،سیدھے راستے پر چلیں تو یہاں سب کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ اب اے آئی کا دور ہے،کری ایٹو بنیں،اپنی سکل سیٹ بہتر کریں، ہر شعبے میں گنجائش موجود ہے ضروری نہیں صرف سائنس والے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ قابل ہیں جس دن یہ ٹھان لیں گے قوم اوپر اٹھ جائے گی۔

کمشنر نے کہا کہ مارکیٹ میں جس چیز کی ضرورت ہے وہ پڑھائیں۔انہوں نے نتائج تیار کرنیوالے بورڈ ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹرحبیب الرحمن نے کہا کہ طلباوطالبات کو ان کا حق پہنچانا بورڈ ملازمین کے فرائض میں شامل ہے اسلئے نتائج تیار کرتے ہوئے حکومت پنجاب محکمہ ہایئر ایجوکیشن لاہور و چیئرپرسن پی بی سی سی کے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو اور اسے اس کی محنت کابھرپور ثمر ملے۔

پی آر او بورڈ رضوان احمد جوئیہ کے مطابق اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 یا تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pkملاحظہ کر سکتا ہے۔