سرگودھا بورڈ کا انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ،کامیابی کا تناسب 68.83 فیصد رہا

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحانات میں 50 ہزار 982 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 34 ہزار 427 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 68.83 فیصد رہا۔ اس موقع پر بورڈ ہال میں منعقدہ تقریب میں کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیااور نمایاں کارکردگی والے طلبہ میں میڈلز اور انعامات تقسیم کئے ۔

تقریب میں سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر ناہید ناز، کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی، سی ای او ایجوکیشن کلثوم منشاء، اساتذہ کرام، والدین، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب طلبہ، پوزیشن ہولڈرز ،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی مسلسل محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔

یہ اعزاز صرف خاندان ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لئے فخر کا باعث بنتا ہے۔کمشنر نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی کنجی ہے۔ اگر نوجوان محنت، خلوص اور لگن کو اپنا شعار بنائیں تو پاکستان کو دنیا کی صفِ اوّل کی اقوام میں شامل کرنا مشکل نہیں۔اصل امتحان ڈگری یا سند لینے کا نہیں بلکہ معاشرے کی خدمت کرنے کا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کامیاب طلبہ کو جلد ہی دوبارہ مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے ساتھ ملاقات میں ان کے مستقبل کے منصوبوں بارے آگاہی حاصل کی جا سکے۔

قبل ازیں سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری کالجوں کے پوزیشن ہولڈرز کو سکوٹیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ تمام پوزیشن ہولڈرز کو لیپ ٹاپ اور سکالرشپس بھی دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی نے نتائج کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔