سرگودھا ، پولیس مقابلے کے دوران ساتھی کی فائرنگ سے اشتہاری ملزم ہلاک، نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق

جمعرات 18 ستمبر 2025 16:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) سرگودھا میں پولیس مقابلے کے دوران ساتھی کی فائرنگ سے اشتہاری ملزم ہلاک اور 14 سالہ نوجوان تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ سلانوالی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ساتھی کی فائرنگ سے اشتہاری ملزم ثناء اللہ مصلی ہلاک ہوگیا۔ ثناء اللہ مصلی نے چند روز قبل شاہ نکدر تھانے کی حدود چک نمبری 162 شمالی میں ایک شخص کو قتل اور 2 بھائیوں کو زخمی کر دیا تھا جو تھانہ شاہ نکدر میں حوالات میں بند تھا ،اشتہاری ملزم گزشتہ رات اپنے ساتھیوں کی مدد سے لاک اپ سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس نے اُسے گرفتار کرنے کے لیے اُس کا تعاقب کیا اور اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر تھانہ سلانوالی کی حدود میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ساجد شہید پولیس سٹیشن کی حدود میں چک نمبری 40 جنوبی کے قریب ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے 14 سالہ نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق محمد اذان موٹر سائیکل پر ریلوے لائن کراس کر رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگیا۔ ایس ایچ او تھانہ ساجد شہید نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لے لیا اور ضروری کاروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا۔