حکومت کا ایک طیارہ12 سال سے غیر فعال ،نیلام نہ کرنے سے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت کا ایک طیارہ12 سال سے غیر فعال ہے جسے نیلام نہ کرنے سے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی اصغر علی ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے انکشاف ہوا کہ 33 کروڑ 46 لاکھ روپے کے سرکاری واجبات تاحال وصول نہیں کیے گئے جب کہ بلوچستان ہاؤس اسلام آباد اور وی آئی پی فلیٹس کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔

دوسری جانب اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ ایک حکومتی طیارہ جو 2013 سے غیر فعال ہے اب تک نیلام نہیں کیا گیا جس سے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔اس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے حکم دیا کہ 2 ماہ کے اندر طیارے کو یا تو نیلام کیا جائے یا اسے قابل استعمال بنایا جائے۔