سٹیٹ بینک 19 نومبر 2025ء کو ویمن انٹریپرینورشپ ڈے منائے گا

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بینک دولت پاکستان 19 نومبر 2025ء کو ویمن انٹریپرینورشپ ڈے منائے گا اور اپنے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے ملک بھر میں سرگرمیوں کا اہتمام کرے گا۔ مرکزی تقریب اسٹیٹ بینک، کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ گذشتہ سال، ویمن انٹرپرینورشپ ڈے نے مختلف شراکت داروں کو یکجا کیا، جن میں بین الاقوامی اور مقامی شراکت دار ادارے، بینک، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور کامیاب خاتون آجرین شامل تھیں، جہاں سب نے پاکستان کی معیشت میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے اسٹیٹ بینک کے عزم کی توثیق کی۔

اسی تسلسل میں ویمن انٹرپرینورشپ ڈے2025ء ایک بار پھر مالی اداروں کے سینئر عہدیداران، خواتین چیمبرز اور انٹرپرینورشپ نیٹ ورکس کو یکجا کرے گا تاکہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سال کے پروگرام میں ملک گیر ورکشاپس، فنانسنگ اسکیموں سے متعلق آگاہی مہمات اور مینٹورشپ پروگرام شامل ہیں، جن کا مقصد خواتین کی مالی شمولیت اور انٹرپرینورشپ کی صلاحیتوں کو مستحکم بنانا ہے۔

مرکزی تقریب میں اُن بینکوں اور خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا جو جدت پسند رہنما، سماجی اثرات، پائیداری چیمپئن، اور استحکام سمیت مختلف زمروں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، بزنس آئیڈیا مقابلہ 2025ء کے فاتحین کا اعلان بھی کیا جائے گا، جس میں باصلاحیت خاتون آجرین کی جانب سے پیش کیے گئے جدید سولیوشنز کو اجاگر کیا جائے گا۔

ویمن انٹریپرینورشپ ڈے ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ایسی خواتین کو سراہنا ہے جو جدت پسند ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں اور معاشی نمو میں خاصا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ویمن انٹریپرینورشپ ڈے 2025ء کے ذریعے اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت دار ایک زیادہ جامع مالی ایکوسسٹم کی تشکیل اور پاکستان بھر میں مزید خواتین کو انٹرپرینورشپ اختیار کرنے کی ترغیب دینے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔